سلمان خان نے آج صبح سویرے ٹوئٹر پر فلم ’رادھے‘کا پوسٹر شیئرکرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ’رادھے‘کا ٹریلر آج ہی ریلیز کریں گے اور ساتھ ہی انہوں نے لکھا تھا کہ ’آرہاہوں آپ کا موسٹ وانٹیڈ بھائی‘ ۔وعدے کے مطابق سلمان خان نے فلم کا ٹریلر ریلیز کردیا ہے جو کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے اور سلمان خان کا نام بھی ٹوئٹر پر ٹرینڈ کررہا ہے۔ایکشن سے بھرپور فلم ‘رادھے’میں سلمان خان ڈرگ مافیا سے لڑتے نظر آئیں گے۔ اداکار رندیپ ہودا فلم میں ولن کا کردار نبھارہے ہیں جب کہ ہیروئین کا کردار دیشا پٹانی نبھارہی ہیں۔
جیکی شروف بھی فلم میں اہم کردار نبھارہے ہیں جب کہ اداکارہ جیکولین فرنینڈس بھی ایک گانے میں جلوے بکھیرتی نظر آئیں گی۔خیال رہے کہ سلمان خان کی فلم ’رادھے‘ گذشتہ سال عید پر ریلیز کی جانی تھی لیکن کورونا کے باعث ایسا نہ ہوسکا اور اب اس عیدالفطر کے موقع پر 13 مئی کو ریلیز کی جائے گی۔کورونا کے باعث فلم کی ہائبرڈ ریلیز ہوگی اور جن ممالک میں سنیما کھلے ہیں وہاں فلم بین سنیما ہالز میں فلم دیکھ سکیں گے جب کہ کورونا پابندی سے متاثرہ ناظرین کے لیے اسے ڈش ٹی وی پر بھی نشر کیا جائےگا۔
