31

علیحدگی کے باوجود امی کو بابا سے آج بھی محبت ہے: مومل شیخ

اداکارہ مومل شیخ کا کہنا ہے کہ ان کی والدہ نے انہیں اور بھائی شہزاد شیخ کو ہمیشہ والد اور ان کے خاندان کے قریب رکھا اور ہمیں کبھی ان سے دور نہیں ہونے دیا اس لیے یہی وجہ تھی کہ ہم پر والدین کی علیحدگی کا کوئی اثر نہیں ہوا۔مومل شیخ حال ہی میں والدہ زینت منگی کے ہمراہ نجی ٹی وی شو میں شریک ہوئیں اور والدین کی علیحدگی اور والد کی دوسری شادی سے متعلق گفتگو کی۔مومل شیخ نے کہا کہ بابا کو تو سب جانتے تھےلیکن امی کو کوئی نہیں جانتا تھا، بس لوگ باتیں بناتے تھے، بابا کی دوسری شادی پر ہمیں اسکول کے دوستوں اور ان کے والدین ہر طرف سے دباؤ آتا تھا لیکن اس کے باوجود والدہ نے ہمیں مضبوط رہنا سکھایا۔دوسری جانب جاوید شیخ سے علیحدگی اور ان کے ذکر پر ان کی اہلیہ زینت منگی دوران شو ہی رنجیدہ ہوگئیں۔ماں کو رنجیدہ دیکھ کر مومل شیخ کا کہنا تھا کہ امی کو بابا سے آج بھی محبت ہے، وہ آج بھی ان کےلیے سرخ لپ اسٹک اور بوسکی کا جوڑا پہنتی ہیں، میں ان سے پوچھتی ہوں کہ یہ کیسی محبت ہے؟
مومل شیخ نے اپنی شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ میری شادی سے پہلے تک بابا ہم سے صرف ملنے آتے تھے لیکن میں نے اپنی شادی پر والد سے شرط رکھی تھی کہ اگر وہ گھر آئیں گے تو وہ شادی کروں گی ورنہ نہیں۔اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ 26 سال بعد ایک بار پھر سب بہت اچھا ہوگیا ہے اب وہ جب بھی گھر آتے ہیں کہتے ہیں ہم سب ایک ہیں۔خیال رہے کہ سپر اسٹار جاوید شیخ نے پہلی شادی اداکار زینت منگی سے کی تھی جن سے ان کا ایک بیٹا شہزاد شیخ اور بیٹی مومل شیخ ہیں۔زینت منگی سے علیحدگی کے بعد جاوید شیخ نے برطانوی نژاد پاکستانی اداکارہ و گلوکارہ سلمیٰ آغا کے ساتھ شادی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں