26

خوشاب ضمنی انتخاب، الیکشن کمیشن نے انتظامات کو حتمی شکل دیدی

الیکشن کمیشن نے خوشاب سے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 84 پر 5 مئی کو ہونے والے ضمنی الیکشن کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق پی پی 84 خوشاب میں 8 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا، پی ٹی آئی کے علی حسین خان، ن لیگ کے ملک معظم کلو اور پیپلز پارٹی کے غلام حبیب احمد میدان میں ہیں۔ اس کے علاوہ امجد رضا، اورنگزیب، عمران حیدر خان، الیاس خان آزاد اور کالعدم جماعت کے اصغر علی بھی میدان میں ہیں۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حلقہ پی پی 84 تحصیل نور پور تھل، قائد آباد اور خوشاب کے علاقوں پر مشتمل ہے جس میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 2 لاکھ 92 ہزار 687 ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے کے 229 پولنگ اسٹیشنز میں سے 43 کو حساس قرار دیا گیا ہے جبکہ انتخاب والے روز امن و امان قائم رکھنے کے لیے 500 رینجرز اور 2800 پولیس اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔
الیکشن کمیشن حکام کا بتانا ہے کہ حلقے میں حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیے ہیں جبکہ پریزائیڈنگ افسران کے ساتھ پولیس اور رینجرز کی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد اور لاہور میں بھی کنٹرول رومز بھی قائم کر دیے گئے ہیں، حلقے میں انتخابی مہم آج رات 12 بجے ختم ہو جائے گی۔یاد رہے کہ حلقہ پی پی 84 کی نشست ن لیگ کے ملک وارث کلو کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں