(ن) لیگ کے رہنما رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ سعید غنی کا بیان پیپلزپارٹی کی گھبراہٹ کی علامت اور خفت مٹانے کی ناکام کوشش ہے جب کہ باپ کو مائی باپ بنانےکا ان کے پاس کوئی جواب نہیں۔رانا ثنااللہ نے پی پی رہنما سعید غنی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے ’تو ادھرادھرکی نہ بات کر، یہ بتاکہ قافلہ کیوں لُٹا‘کا جواب پیپلزپارٹی، نہ بلاول اورنہ سعیدغنی کے پاس ہے۔انہوں نے کہا کہ سعید غنی اپنے چیئرمین کے ’ٹھنڈا پانی پئیں اورآرام کریں‘ کے مشورے پر عمل کریں، جو انہوں نے جمہوریت کی پیٹھ میں خنجرگھونپنےکے بعد دیا تھا کیونکہ کھوکھلے بیانات، بے بنیاد الزامات سے مائی باپ کی بی ٹیم بننےکی آپ کی حقیقت نہیں بدلےگی۔
رانا ثنا کا کہنا تھا کہ پی پی کے طرز عمل پربے نظیربھٹو شہیدکی جمہوری جدوجہد اور قربانی آج شرمسار ہے، پیپلزپارٹی کی ملاوٹی جمہوریت کی سیاست عوام مسترد کرچکی ہے، پی پی پی ہمیں اپناحریف سمجھتی ہے لیکن ہم انہیں اپناحریف اور مدمقابل نہیں سمجھتے، سعیدغنی کا ردعمل ایسا ہی ہے جیسے ڈسکہ الیکشن چوری کے بعد پی ٹی آئی کاتھا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماراہدف پی پی اورسعیدغنی نہیں، ووٹ اورالیکشن چوری روکنا ہے، مہنگائی کا عذاب عوام پر مسلط کرنے والےکرپٹ حکمرانوں سے پاکستان کو نجات دلانا ہے، نوازشریف نے ملک وقوم کے لیے جو تاریخی قربانیاں دی ہیں، ان کے لیے سعیدغنی کے سرٹیفیکیٹ کی ضرورت نہیں، سعید غنی شیخ رشید بننے کی کوشش نہ کریں، ہمیں جواب دینے کے بجائے الیکشن کمیشن کو جواب دیں۔
