125

40 لاکھ غریب خاندانوں تک سستے قرضے پہنچائیں گے، وزیر خزانہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ 40 لاکھ غریب خاندانوں تک سستے قرضے پہنچائیں گے۔

وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز گروتھ والا بجٹ پیش کیا گیا ہے اور بجٹ میں غریب عوام کا احساس کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے 40 لاکھ غریب خاندانوں تک سستے قرضے پہنچائیں گے جبکہ اخوت اور احساس پروگرام کے ذریعے غریبوں کو 3 لاکھ روپے تک کے قرضے دیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ غریب کے ساتھ سیاست نہیں کرنی اور 5 لاکھ روپے کا بغیر سود قرض 3 سال کے لیے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس فسکل اسپیس نہیں ہوتی، کمرشل بینک غریب عوام اور چھوٹے کاشتکاروں کے ساتھ ڈیل کرنا نہیں جانتے۔ ملک کے ذرائع بینکوں کے پاس ہوتے ہیں حکومت کے پاس نہیں اور کمرشل بینک کبھی عام آدمی اور کاشتکار کے قریب نہیں ہوتے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ بجٹ میں شرح نمو 3 اعشاریہ 94 فیصد مقرر کرنے کا ہدف ہے۔ اپریل 2021 میں 800 ملین ڈالر سرپلس تھا۔

انہوں نے کہا کہ اخوت فاؤنڈیشن نے 150 ارب روپے کا قرض دیا جبکہ سرکاری اسپتالو ں کی حالت بہتر نہیں ہوتی اس لیے صحت سہولت کارڈ کا اجرا کیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ایکسپورٹ کو بڑھا کر جی ڈی پی کا 20 فیصد کرنا ہو گا اور 20 سے 30 سال تک پائیدار گروتھ کے بغیر خوشحالی ناممکن ہے۔ چھوٹے قرض داروں سے 99 فیصد ریکوری کا تجربہ کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپنی چھت کے لیے 20 لاکھ روپے تک قرض فراہم کریں گے۔ گروتھ نہ ہونے کی وجہ سے ریونیو نہیں ملتا اس لیے ریونیو کو 10 فیصد سے بڑھانا ہو گا۔

شوکت ترین نے کہا کہ بجٹ میں مختلف شعبوں کو ٹیکس میں رعایت فراہم کی جبکہ ایسے افراد جو بھاری یوٹیلیٹی بلز دینے کے باوجود ٹیکس نہیں دے رہے ان سے ٹیکس لیں گے۔

انہوں ںے کہا کہ بجٹ میں مختلف شعبوں کو ٹیکس میں رعایت فراہم کی گئی ہے۔ درآمدات اور برآمدات کے تناسب کو کنٹرول کرنا ضروری ہے۔ ملک میں لاکھوں ریٹیلرز کچی رسیدوں پر کام کر رہے ہیں ان کچی رسیدوں کے سلسلے کو روکنے کے لیے انعامی اسکیمز شروع کی جائیں گی۔ اس لیے عوام کو چاہیے کہ وہ ریٹیلرز سے پکی رسیدیں لیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں