سینچورین: جنوبی افریقا نے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔سینچورین میں کھیلے جارہے فیصلہ کن میچ میں سابق کپتان سرفراز احمد کو بھی پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے جب کہ لیگ اسپنر عثمان قادر آج ون ڈے میں ڈیبیو کررہے ہیں۔اس کے علاوہ قومی ٹیم میں فخر زمان، امام الحق، بابراعظم، محمد رضوان، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، شاہد آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔
خیال رہے کہ پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو تین وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو شکست دیکر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی تھی۔دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 193 رنز کی اننگز کھیلی تھی تاہم وہ آخری اوور میں رن آؤٹ ہو گئے تھے۔
