17

’سیریز ضرور جیت لی لیکن مطمئن نہیں‘

گیانا: قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز ضرورت جیت لی ہے لیکن بطور کپتان مطمئن نہیں ہوں۔
تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان کھیلا جانے والا آخری ٹی 20 میچ بھی بارش کی نذر ہوگیا جس کے بعد پاکستان نے سیریز میں 1-0 سے کامیابی حاصل کرلی۔
میچ بارش سے متاثر ہونے کے بعد بابر اعظم نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل یہ سیریز بہت اہم تھی، سیریز میں ہم نے مختلف کھلاڑیوں کو آزمانا تھا لیکن بارش کی وجہ سے یہ ممکن نہیں ہوسکا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں مڈل آرڈر میں مسائل کا سامنا ہے کوشش کررہے ہیں ورلڈ کپ سے قبل خامیوں پر قابو پائیں۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ بائیو سیکیور ببل میں کرکٹ کھیلنا بہت مشکل ہے، ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز بھی جیتنے کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان چوتھا اور آخری ٹی 20 بھی بارش کی نذر ہوگیا، اس سے قبل پہلا اور تیسرا ٹی 20 میچ بھی بارش کے باعث بے نتیجہ رہا تھا جبکہ دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو 7 رنز سے شکست دی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں