36

حفیظ ٹی ٹوئنٹی میں مزید 2 اعزاز اپنے نام کرنے کیلئے پرعزم

پاکستان اور جنوبی افریقا کے مابین ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ 10 اپریل کو وانڈررز اسٹیڈیم جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔چار میچوں پر مشتمل اس سیریز کا یہ پہلا میچ اس لیے بھی اہم ہے کہ اس میچ میں شائقین کرکٹ کی نظریں قومی کرکٹر محمد حفیظ پر مرکوز ہوں گی جنہیں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں 100 انٹرنیشنل میچز مکمل کرنے کے لیے صرف ایک میچ اور شعیب ملک سے زیادہ رنز بنانے کے لیے مزید 13 رنز درکار ہیں۔چالیس سالہ کرکٹر اگر 10 اپریل کو قومی کرکٹ ٹیم کی فائنل الیون کا حصہ بنتے ہیں تو یہ ان کا 100 واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ ہو گا۔اس سے قبل صرف شعیب ملک ہی پاکستان کی جانب سے یہ اعزاز حاصل کر پائے ہیں، وہ 116 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے دنیا کے پہلے کرکٹر ہیں۔اس فہرست میں بھارت کے روہت شرما 111 میچز کے ساتھ دوسرے، انگلینڈ کے این مورگن، نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل اور راس ٹیلر 102میچز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
محمد حفیظ نے پاکستان کی جانب سے اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اگست 2006 میں انگلینڈ کے خلاف برسٹل کے مقام پر کھیلا تھا جہاں انہوں نے 46 رنز کی اننگز کھیل کر پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔دلچسپ امر یہ ہے کہ محمد حفیظ نے اپنے ٹی ٹوئنٹی کیرئیر کا 50واں میچ بھی 2013 میں اسی وانڈررز اسٹیڈیم میں کھیلا تھا جہاں ہفتے کو ممکنہ طور پر وہ اپنا 100واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلیں گے۔محمد حفیظ اب تک 99 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 2323 رنز بنا چکے ہیں، اس فارمیٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز شعیب ملک کے پاس ہے جو 116 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 2335 رنز بنا چکے ہیں، حفیظ کو یہ سنگ میل عبور کرنے کے لیے مزید 13 رنز درکار ہیں۔ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کے آغاز سے اب تک آئی سی سی کی جانب سے 6 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا انعقاد کیا جا چکا ہے، ان 6 میں سے پانچ مواقع ایسے تھے کہ جہاں محمد حفیظ نے پاکستان کی نمائندگی کی وہ صرف 2009 میں منعقدہ ورلڈکپ میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں