135

مسابقتی کمیشن نے پنجاب حکومت کی طرف سے چینی کی قیمت مقررکرنےکی مخالفت کردی

مسابقتی کمیشن نے پنجاب حکومت کی طرف سے چینی کی قیمت مقررکرنےکی مخالفت کرتے ہوئے اقدام کو خلاف قانون قرار دے دیا۔مسابقتی کمیشن نے پنجاب حکومت کی طرف سے چینی کی ایکس مل قیمت مقررکرنے کی مخالفت کرتے ہوئےکہا ہے کہ سی سی پی کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے اقدام سے ہونے والے نقصانات سے آگاہی دے۔کمیشن کا کہنا ہےکہ پنجا ب میں چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت مقررکرنے سے چینی دوسرے صوبوں کومنتقل ہونے کے ساتھ ساتھ ذخیرہ اندوزی کے رحجان میں اضافہ ہو گا اور غریب صارفین کو اس کی زیادہ قیمت اداکرنا پڑسکتی ہے۔مسابقتی کمیشن کے مطابق چینی کی قیمت مقرر کرنے کے بجائے ڈی ریگولیشن کرنے سے بہتر نتائج حاصل ہو سکتے ہیں، چینی کا ستر فی صد استعمال صنعتی شعبہ کرتا ہے وہی اس کا فائدہ اٹھائےگا، چینی کے شعبےکو ڈی ریگولیٹ کرنے سے مقابلےکا رجحان بڑےگا اور صارفین کو فائدہ ہو گا۔
سی سی پی کا کہنا ہے کہ چینی کی کم قیت مقرر کرنے سے کچھ ملیں نقصان میں جا سکتی ہیں جس کا نتیجہ ملز آپریشن بند کرنے کی صورت میں ملےگا، ماضی میں عدالتوں نے چینی کی قیمت 40 روپے فی کلو مقرر کی جب کہ پیداوار لاگت48 روپے فی کلو تھی جس پر ملوں نے آپریشن بندکردیا جس سے چینی کی قیمت سو روپے فی کلوتک پہنچ گئی۔ خیال رہےکہ لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت کے چینی کی ایکس مل قیمت 80 روپے فی کلو طےکرنےکے فیصلے کی توثیق کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں