32

زرداری کیخلاف منی لانڈرنگ سمیت 3 ریفرنسز کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی

احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف جعلی بینک اکاؤنٹس کے ٹھٹھہ واٹر سپلائی، میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز کی سماعت بغیر کارروائی کے 21 اپریل تک ملتوی کر دی۔اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف جعلی بینک اکاؤنٹس کے تین ریفرنسز ٹھٹھہ واٹر سپلائی، میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز کی سماعت کی۔مذہبی جماعت کے احتجاج کے خدشے کے پیش نظر پولیس وین جیل سے حوالات نا لائی گئی جس کے باعث جیل میں قید انڈر ٹرائل ملزمان حسین لوائی اور طحہٰ رضا سمیت دیگر کو عدالت میں پیش نا کیا جا سکا۔
جج احتساب عدالت نے کہا کہ جیل حکام کو خط آیا ہوا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر آج ملزمان کو پیش نہیں کیا جا سکتا۔آصف زرداری، فریال تالپور اور عبدالغنی مجید نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں جمع کروائیں جنہیں عدالت نے منظور کر لیا۔ کیس کی مزید سماعت 21 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں